نئی دہلی یکم نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) مرکزی وزارت داخلہ نے نربھیہ فنڈ اسکیم کے تحت لکھنؤکے لیے 1194.44 کروڑ روپے کے ایک محفوظ شہر پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ یہ پروجیکٹ مرکز کی اسکیم کے طور پر نافذ کیا جائے گا اور اس میں مرکز کی طرف سے 60 فی صد اور ریاست کی طرف سے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔یہ منظوری مرکزی وزارت داخلہ کے منصوبوں کا ایک حصہ ہے تاکہ نربھیہ فنڈ کے تحت 8 منتخب کئے گئے شہروں ممبئی، دہلی، کولکاتہ، چنئی، بنگلورو، حیدرآباد، احمد آباد اور لکھنؤ میں محفوظ شہر پروجیکٹوں کو نافذ کیا جاسکے۔ اس کا مقصد سرکاری مقامات پر عورتوں کی سلامتی اور تحفظ کو محفوظ کرنا ہے۔ یہ پروجیکٹ عورتوں اور بچوں کی وزارت، شہری ترقی کی وزارت، الیکٹرانک اور ٹکنالوجی کی وزارت، متعلقہ میونسپل اور شہروں کے پولیس کمشنروں اور شہری سوسائٹی تنظیموں کے مشورے سے نافذ کئے جارہے ہیں۔لکھنؤکے لیے سیف سٹی کی تجویز، میونسپل اداروں اور شہری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مدد سے اترپردیش پولیس کے ذریعہ نافذ کی جائے گی ۔